English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ میں بلدیاتی انتخابات مئی میں ہوں گے‘چیف الیکشن کمشنر

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سے مشاورت کے بعد مئی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا جائے گا‘ الیکشن کمیشن کے افسران کا کردار غیر جانبدارانہ ہونا چاہیے‘ میرٹ کو ہرحال میں مدنظر رکھا جائے۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کا دورہ کیا اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں انتخابی حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہوچکا ہے‘24 مارچ کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستیں آویزاں کردی جائیں گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے اِس سلسلے میں سختی سے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کے افسران کا کردار غیر جانبدارانہ ہونا چاہیے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایت کی گئی کہ وہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے میٹنگ کرکے ان کو اعتماد میں لیں۔ علاوہ ازیں عوام کی آگاہی مہم شروع کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کے بارے میں چیف الیکشن کمشنر کو بتایا گیا کہ ضمنی فہرستوں میں فراہم کیے گئے غیر تصدیق شدہ ووٹرز میں سے 35 لاکھ 13ہزار 83 ووٹرز کی تصدیق کردی گئی ہے اور بقیہ تصدیق کا عمل جاری ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے چیف الیکشن کمشنرکو صوبے میں جاری بھرتیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت دی کہ بھرتیوں میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور میرٹ کو ہرحال میں مدنظر رکھا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے