جکارتا (انٹرنیشنل ڈیسک) عرب پارلیمان کے اسپیکر عادل عسومی نے مسئلہ فلسطین اور یوکرینی بحران سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر دوہرے معیارات پر تنقید کرتے ہوئے بین الاقوامی انصاف کے حصول کے لیے تمام مسائل سے نمٹنے کے لیے متحد عالمی معیارات پر زور دیا۔عسومی نے انڈونیشیا میں بین الپارلیمانی یونین کی ایک سو چوالیسویں اسمبلی سے پہلے اپنی تقریر میں کہا کہ روسی یوکرینی بحران کی موجودہ پیش رفت کی وجہ سے دنیا نے بغاوت کر دی ہے اور یقینا ہم کسی ملک پر چڑھائی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے حق میں نہیں ہیں۔ کسی بھی ملک کی خودمختاری کو پامال کرنے کی مخالفت کرتے ہیں لیکن ہم اس بات پر زور دینا چاہیں گے کہ فلسطینی عوام وقت کے ساتھ ساتھ انتہائی نفرت انگیز قبضے کا نشانہ بنتے رہے۔ 7دہائیوں سے فلسطینی ریاستی جبر کا شکار ہیں اور دنیا نے انہیں تنہا چھوڑ یا۔عسومی کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام کے مسئلے پر بین الاقوامی ردعمل اور روس یوکرین بحران کی پیش رفت دہرے معیار کی واضح مثال ہے ۔ اس موقع پر انسانیت کو ہر وقت اورہر جگہ اور تمام لوگوں کے ساتھ ایک ہونا چاہیے۔ اسرائیل کی بدنام زمانہ سالم نامی جیل میں انتظامیہ نے فلسطینی خاتون رہنما 50 سالہ منا حسین قعدان کی انتظامی حراست میں تیرہویں بار توسیع کردی۔ منا حسین کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر جنین کے جنوبی علاقے عرابہ سے ہے۔ ان کی حراست میں 4 اپریل تک کی توسیع کی گئی ہے۔
