فیصل آباد: جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ سیاسی پارٹیوں کی بجائے 40چوروں کی حکومت رہی ہے، ہربارنیا علی بابا منتخب کرکے قوم پرمسلط کردیاجاتاہے۔قوم اس دفعہ ان بہروپیوں کے دھوکہ میں نہیں آئے ۔حکومت نے جس طرح گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں عوام کا خون نچوڑا ہے، اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیراعظم کی ایوان میں موجودگی ملک و قوم کے لیے بہت بھاری ثابت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان نے کرپشن میں 16درجے ترقی کی ہے۔ جو کام حکومتوں نے 74 سالوں میں نہیں کیا، پی ٹی آئی نے ساڑھے تین برسوں میں کر دکھایا۔ ملکی قرضہ 31ہزار ارب سے 50ہزار ارب تک پہنچ گیا۔ مافیاز نے عوام کی جیبوں سے 1880 ارب نکلوا لیے۔
پی ٹی آئی کی حکومت میں مافیاز کا راج ہے۔ صحت اور تعلیم کا نظام تباہ کر دیا۔ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کا اصطبل بنا دیا۔گزشتہ 74برسوں میں حکمرانوں نے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 8روپے تک اضافہ کیا۔موجودہ حکومت نے بجلی کا ٹیرف 13سے 16روپے فی یونٹ تک کر دیا۔
چینی کی قیمت میں تین سالوں میں 50 سے 150روپے ، پٹرول 80سے 150روپے فی لیٹر اور آٹا 40سے 70 روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔ حکومت نے دھڑا دھڑ قرضے لیے، صحت و تعلیم کے شعبوں کو تباہ کیا۔ حکومت نے اداروں کو کمزور کیا اور نام نہاد بڑی اپوزیشن پارٹیاں عوامی مفادات پر آواز بلند کرنے کی بجائے اپنے مفادات کے لیے سیاست کررہی ہیں۔
