لاہور(سید وزیرعلی قادری)بینو قادر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کا مڈل آرڈر ناکام ہو گیا اور آسٹریلوی فاسٹ بولر ز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں268رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔فواد عالم تیسرے ٹیسٹ میں بھی ناکام رہے۔پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم67،اظہر علی78 اور عبداللہ شفیق 81رنز بنا کر نمایاں رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پٹ کمنز نے سب سے زیادہ 5وکٹیں حاصل کیں،مچل اسٹارک نے 4اور ناتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 123رنز کی برتری کے بعد دوسری اننگز میںبغیر کسی نقصان کے11رنز بنا لیے ہیں اور پاکستان پر مجموعی طور پر134رنز کی برتری حاصل کرلی ہے ،عثمان خواجہ 7اور ڈیوڈ وارنر4رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔ بدھ کوقذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 90رنز ایک کھلاڑی آئوٹ سے دوبارہ شروع کی۔اظہر علی اور عبداللہ شفیق نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ تیسرے دن بھی جاری رکھا اور آسٹریلین بولرز کو پہلے سیشن میں وکٹ سے محروم رکھا۔اس دوران کھلاڑیوں نے ناصرف اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 100رنز کی ساجھے داری بھی قائم کی۔البتہ دونوں کھلاڑیوں کی سست بیٹنگ کی وجہ سے پاکستان کی ٹیم تیزی سے رنز بنانے سے قاصر ہے۔ کھانے کے وقفے سے چند گیندوں قبل آسٹریلیا کو وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن مچل سویپسن کی گیند پر سلپ میں کھڑے اسٹیو اسمتھ نے اظہر علی کا کیچ ڈراپ کردیا۔جب میچ کے تیسرے دن کھانے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 159رنز بنائے تھے، عبداللہ شفیق 75اور اظہر علی 63رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 150رنز کی شراکت قائم کی۔ عبداللہ شفیق 81رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر آئوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 170رنز تھا۔اظہر علی اور بابراعظم کے درمیان 44رنز کا اضافہ ہوا تاہم اظہر علی 78رنز بنا کر پیٹ کمنز کی وکٹ بنے۔ فواد عالم سیریز میں ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 13رنز بنا کر 248کے اسکور پر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کا اسکور 256رنز پر پہنچا تھا تو محمد رضوان صرف ایک رن بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔آسٹریلوی کپتان نے 6رنز بنانے والے ساجد خان کی وکٹیں بھی اڑا دیں، اپنے اگلے اوور میں انہوں نے نعمان علی اور حسن علی کو کھاتہ کھولنے کی اجازت دیے بغیر آئوٹ کیا۔مچل اسٹارک نے پاکستان کی باقی ماندہ وکٹیں ایک ہی اوور میں حاصل کی اور پاکستان کی اننگز 268رنز پر سمیٹ لی۔بابراعظم 67اور نسیم شاہ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کو پہلی اننگز میں 123رنز کا خسارے کے سامنا کرنا پڑا۔آسٹریلیا کی جانب سے کپتان کمنز نے سب سے زیادہ 5وکٹیں حاصل کیں۔مچل اسٹارک نے 4اور ناتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 123رنز کی برتری کے بعد دوسری اننگز کا بھی پر اعتماد آغاز کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور یوڈ وارنر نے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے11رنز بنا لئے ہیں اور پاکستان پر مجموعی طور پر134رنز کی برتری حاصل کرلی ہے ،عثمان خواجہ 7اور ڈیوڈ وارنر4رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں ۔واضح رہے کہ پنڈی او ر کراچی کے بعد لاہور کی پچ پربھی ناقدین کی جانب سے تنقید کی گئی تھی، تاہم تیسرے روز کے کھیل کے بعد ناقدین کومنہ بند ہوگئے ہیں۔
