لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ وہ بینو قادر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز اعزازی ٹوپی اور پلاک وصول کر کے پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنے۔وقار یونس نے پاکستان کی جانب سے 373 ٹیسٹ اور 416 ون ڈے انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ٹیموں کے خلاف 50 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔ ان ٹیموں میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور زمبابوے شامل ہیں۔ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھی وہ یہ اعزاز 4 ٹیموں کے خلاف حاصل کرسکے۔ان ٹیموں میں سری لنکا، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔پاکستان کرکٹ کے لیے شاندار خدمات پر پی سی بی نے پہلے ہی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک انکلوژر کو وقار یونس سے منسوب کررکھا ہے۔ یہ وہ گراؤنڈ ہے جہاں وقار یونس نے 7 ٹیسٹ میچز میں 29 اور 12 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 14 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔وقار یونس کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسے موقع پر کہ جب ان کی والدہ اور اہلیہ بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں وہ پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
