
لاہور(سید وزیر علی قادری)بینو قادر ٹرافی کا آخری ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ۔ آسٹریلیا کی جانب سے 351رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پر اعتماد آغاز کیا اور بغیر کسی نقصان کے73رنز بنا لیے ہیں ۔اوپنرز امام الحق42اور عبداللہ شفیق27رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان کو جیت کیلئے 278رنز جبکہ آسٹریلیا کو10وکٹیں درکار ہونگی ۔قبل ازیں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 3وکٹوں کے نقصان پر 227رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی۔آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں عثمان خواجہ 104،ڈیوڈ وارنر51 اور لبوشین 36رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جمعرات کولاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 11رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر وکٹ پر موجود تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 91رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کر دیا۔اس دوران میچ میں اس وقت ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوگئی جب بار بار کریز سے باہر نکل کر کھیلنے پر امپائر علیم ڈار اور احسن رضا نے وارنر کو خبردار کیا کہ وہ وکٹ کے اس حصے تک پہنچ کر نقصان پہنچا رہے ہیں جس سے بعد میں اسپنرز کو میچ میں مدد ملے گی۔اس موقع پر ڈیوڈ وارنر نے اپنا ہیلمٹ ہٹا دیا اور امپائر سے بحث کرنے لگے جبکہ بابر اعظم بھی امپائرز کے قریب آگئے اور نشاندہی کی کہ وارنر وکٹ کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ چند منٹ بعد کھیل دوبارہ شروع ہو گیا اور وارنر کو کسی قسم کی وارننگ دینے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔جارح مزاج اوپنر نے اپنی ففٹی مکمل کی لیکن 51کے انفرادی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ نے شاندار فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیریز میں ایک اور نصف سنچری مکمل کی۔لبوشین اور خواجہ نے دوسری وکٹ کے لیے 65رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد لبوشین کی 36رنز کی اننگز تمام ہوئی۔عثمان خواجہ نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی جبکہ اسٹیو اسمتھ نے 17رنز بنائے۔آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 227 رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کیلئے351رنز کا ہدف دیا ۔ عثمان خواجہ 104 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلوی بولر ز کو وکٹ سے محروم رکھا اور چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے73رنز بنا لیے ۔چوتھے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو امام الحق42اور عبداللہ شفیق27رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان کو جیت کیلیے 278رنز جبکہ آسٹریلیا کو10وکٹیں درکار ہونگی ۔