ملتان(جسارت نیوز )ڈومیسٹک سیزن کا آخری ٹورنامنٹ، پاکستان کپ کا سیمی فائنل مرحلہ آج سے کھیلا جائے گا۔آج اور بدھ کو ہونے والے دونوں سیمی فائنلز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی یکم اپریل کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔ دفاعی چمپئن خیبرپختونخوا کی ٹیم نے ڈومیسٹک سیزن کا مسلسل چھٹا ٹائٹل جیتنے پر نظریں مرکوز کر رکھی ہیں۔وہ اس سے قبل قومی انڈر 13، 16، 19 اور قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سمیت قائداعظم ٹرافی بھی جیت چکی ہے۔ مختلف شہروں میں پاکستان کپ میں بھی دفاعی چیمپئن نے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ مجموعی طور پر 10 راؤنڈز کے 30 میچز میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی ٹیموں نے 14،14 پوائنٹس حاصل کیے تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر خیبرپختونخوا کو ٹیبل ٹوپر قرار دیا گیا۔سندھ کی ٹیم نے 12 اور سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کے درمیان آج صبح ساڑھے 9 بجے کھیلا جائے گا۔ بلوچستان اور سندھ کی ٹیمیں ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بدھ کو مدمقابل آئیں گی۔