لاہور(نمائندہ خصوصی )دورہ پاکستان پر آئی آسٹریلوی ٹیم پر کورونا کے حملے جاری ہیں، وکٹ کیپر جوش اینجلز کے بعد اسپنر ایشٹن اگر اور فزیوتھراپسٹ برینڈن ولسن بھی کورونا کا شکار ہو گئے ہیں،جس کے بعد سیریز پر سیاہ بادل منڈلانے لگے ہیں،دونوں کرکٹرز اور فزیوتھراپسٹ برینڈن ولسن پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو آسٹریلوی ٹیم کے اسپنر ایشٹن اگر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد وہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔ترجمان مہمان ٹیم کے مطابق فزیو تھراپسٹ برینڈن ولسن بھی کورونا کا شکار ہیں۔اس سے قبل پیر کو وکٹ کیپر بیٹر جوش اینجلز کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، پازیٹو افراد 5روزہ آئسولیشن میں رہیں گے اور ٹیسٹ منفی آنے پر ہی دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کر سکیں گے۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل سوئپسن کو ون ڈے میں ڈیبیو کروایا گیا۔اس سے قبل مچل مارش بھی انجری کے باعث ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں جبکہ اسٹیو اسمتھ انجری کے باعث سیریز سے ہی باہر ہوگئے ہیں۔دوسری جانب آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میچ میں 13فٹ کھلاڑی دستیاب ہیں۔دوسری طرف آسٹریلوی ٹیم کے کیمپ میں کوویڈ وائرس کے باوجود ون ڈے سیریز کو کوئی خطرہ نہیں، سیریز پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگی۔پی سی بی ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سیریز کے ایم او یو کے مطابق 13مکمل فٹ اور کوویڈ فری کھلاڑی ہونے کی صورت میں میچ ہوسکے گا۔اس وقت آسٹریلیا کے پاس 13 کھلاڑی موجود ہیں اور ایک کھلاڑی میٹ رنشا لاہور پہنچ جائیں گے، جو ایک دن کے آئسولیش کے بعد میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ پی سی بی نے دونوں ٹیموں کے لیے ہر ممکن کوویڈ فری انتطامات کیے ہیں، تمام تر احتیاطی تدابیر کے باوجود کسی بھی کھلاڑی کا کوویڈ پازٹیو ہوجانا کوئی نئی بات نہیں۔ترجمان نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کے کیمپ میں موجود تمام کھلاڑی اور اسٹاف کوویڈ فری ہیں، دونوں ٹیمیں الگ الگ فلورپر قیام پذیر ہیں۔

