بیجنگ: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ دو طرفہ کثیر الجہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہے۔
چین میں منعقدہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات ہوئی ہے۔اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، روس کے ساتھ دو طرفہ کثیر الجہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم کے دورہ ماسکو کے دوران ہونے والی بات چیت اور اس ماہ کے شروع میں ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کا مفصل جائزہ لیا اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے یوکرین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی کے فوری خاتمے، انسانی ہمدردی کی راہداریوں کے قیام، انسانی امداد کی فراہمی اور سفارتی حل کے لیے مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات سفارتی حل تلاش کرنے میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔وزیر خارجہ نے حال ہی میں پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس میں روس کی شرکت پر وزیر خارجہ سرگءلاروف کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی و بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کے پیش نظر، رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔واضح رہے کہ دونوں وزرائے خارجہ 29 سے 31 مارچ 2022 تک افغانستان کے پڑوسی ممالک کے تیسرے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے چین میں ہیں۔
