English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان کپ , بلوچستان سندھ کو ہراکر فائنل میں داخل

القمر
ملتان: پاکستان کپ کے سیمی فائنل میں بلوچستان اور سندھ کے درمیان کھیلے گئے میچ کا منظر، چھوٹی تصویر میں حسیب اللہ سنچری بنانے کے بعد دادوصول کرتے ہوئے

ملتان( نمائندہ خصوصی )ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بلوچستان نے حسیب اللہ کی سنچری کی بدولت سندھ کو 13 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مابین پاکستان کپ کا فائنل یکم اپریل کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 264 رنز کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز ہی بناسکی۔بلوچستان کے اوپنر حسیب اللہ 131 رنز بناکر نمایاں رہے۔ عمیر بن یوسف، خرم منظور اور شرجیل خان کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ٹاپ آرڈرز کے پراعتماد آغاز کے باوجود سندھ کی ٹیم میچ میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ شرجیل خان اور صائم ایوب نے سندھ کو 61 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ شرجیل خان 50 اور صائم ایوب 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو عمیر بن یوسف نے خرم منظور کے ہمراہ 70 رنز کی شراکت قائم کی۔ عمیر بن یوسف بن 60 اور خرم منظور نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔کاشف بھٹی نے تین جبکہ کپتان یاسر شاہ اور خرم شہزاد نے دو ،دو وکٹیں حاصل کیں۔ سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بلوچستان نے نوجوان اوپنر حسیب اللہ کی سنچری کی بدولت 47.5 اوورز میں 263 رنز بنائے۔ نوجوان اوپنر نے 114 گیندوں پر ایک چھکے اور 18 چوکوں کی بدولت 131 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ یہ ان کی لسٹ اے کیرئیر کی تیسری سنچری ہے۔ انہوں نے اسد شفیق کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 163 رنز اسکور کیے۔تجربہ کار بیٹر اسد شفیق نے5 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ ٹورنا منٹ کا فائنل یکم اپریل کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ملتان میں کھیلا جائے گا، جہاں تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں مفت داخلے کی اجازت ہوگی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے