English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

علیم خان گروپ کا ق لیگ کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے سے انکار،پرویز الہیٰ کا اسپیکر شپ سے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ

القمر

لاہور (نمائندہ جسارت) تحریک انصاف کے علیم خان گروپ نے ق لیگ کے چودھری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے سے انکار کر دیا ۔ذرائع کے مطابق ترجمان علیم خان گروپ میاں خالد محمود نے کہا ہے کہ عمران خان جن القابات سے پرویز الٰہی کو بلاتے تھے ہم تو انہیں دہرانے کی جسارت بھی نہیں کر سکتے، پہلے 4سال ایک بے ایمان اور نکمے بزدار کو مسلط رکھا اور اب پرویز الٰہی کو نامزد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی جانثار جنہوں نے نئے پاکستان میں عمران خان کا ساتھ دیا کیا ان 184 ارکان میں سے ایک بھی وزیر اعلیٰ بننے کا اہل نہیں تھا؟ تحریک انصاف کے ہر مخلص کارکن کو پرویز الٰہی کی نامزدگی پر اعتراض ہے۔کمال ہے کہ اب نیا پاکستان پرویز الٰہی بنائیں گے، اگر نیا پاکستان پرویز الٰہی بنائیں گے تو تحریک انصاف بنانے کی کیا ضرورت تھی، وہ یہ کام گزشتہ 42سال سے کر رہے ہیں۔ترجمان نے واضح کر دیا کہ کوئی سودے بازی نہیں کریں گے اور اپوزیشن کا غیر مشرو ط ساتھ دیں گے۔دوسری جانب ق لیگ کے رہنما پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کی اسپیکر شپ سے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق اسپیکر پرویز الٰہی تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال کے پیش نظر استعفا نہیں دیں گے۔ وہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے پر رہتے ہوئے ہی وزیراعلیٰ کا ووٹ لیں گے، اعتماد کا ووٹ مل جانے کی صورت میں اسپیکر کے عہدے سے مستعفی ہوں گے۔ذرائع کے مطابق ایوان سے اعتماد کا ووٹ نہ لے سکے تو بطور اسپیکر کام جاری رکھیں گے۔ آئین کے تحت اسپیکر کا عہدہ رکھتے ہوئے اعتماد کا ووٹ لیا جاسکتا ہے تاہم وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر آئین کی رو سے انہیں اسپیکر شپ چھوڑنا ہوگی۔پرویز الٰہی کی نامزدگی کے بعد حکمران جماعت اسپیکر کا امیدوار تلاش کر رہی ہے اور حکومتی حلقوں میں یہ چرچا تھا کہ پرویز الٰہی اسپیکر کا عہدہ چھوڑ دیں گے لیکن ایم کیو ایم کے اپوزیشن کے ساتھ دینے پرپرویز الٰہی نے اسپیکر شپ سے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے