فیصل آباد(جسارت نیوز)پاکستان ریلوے پریم یونین کے مرکزی چیئرمین ضیا الدین انصاری،صدر شیخ محمدانور،جنرل سیکرٹری خیر محمد تونیو،چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری نے کوٹری میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی بے لاگ اور غیرجاندارانہ جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور خاص کر بلوچستان کی مخصوص سیکورٹی حالات کی وجہ سے ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لیے پٹرولرزکی تعیناتی کی گئی تھی جو دن رات ریلوے ٹریک کی حفاظت پرمامور تھے مگر وزیرریلوے نے بیک قلم انہیں نوکریوں سے فارغ کردیا جس کی وجہ سے دہشت گردکارروائیوں میں اضافہ ہوا۔حالیہ حادثہ بھی دہشت گردوں کی طرف ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچانے کی وجہ سے ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ پٹرولرز کو نوکریوں سے فارغ کرنے پر سینیٹ میں بھی تحاریک پیش کی جاچکی ہیں،ریلوے ٹریک کو دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری طور پر پٹرولرز کو بحال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بار بار ہونے والے حادثات کی وجہ سے ایک طرف تو سینکڑوں انسانی جانوں کا ضیاع ہوچکا ہے تو دوسری طرف ریلوے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ چکا ہے ۔ اس کی سراسر ذمہ داری ریلوے کی اعلیٰ انتظامیہ اور وزارت ریلوے کے سر جاتی ہے مگر ہمیشہ ریلوے کی نچلے درجہ کے ملازمین کو قربانی کا بکرا بنا کر فائلیں دبا لی جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے اس دفعہ بھی ایسا ہی ہوگا اس لئے وزیراعظم خود بے لاگ اور غیرجاندارانہ انکوائری کا علان کریں اور ذمہ داران کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ہو سکے۔
