حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری اطلاعات سندھ عبد الرشید سولنگی نے حیدرآباد ڈویژن میں محکمہ اطلاعات کے زیر تعمیر دفاتر کے تعمیراتی کا م میں سست روی پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ ڈپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران کو دفاتر کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایت انہوں نے آج چیف انجینئر بلڈنگس حیدرآباد کے دفتر میں محکمہ اطلات حیدرآباد ڈویژن کے تمام افسران اور بلڈنگس ڈپارٹمنٹ کے افسران کے ساتھ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت حیدرآباد ڈویژن میں ضلعی اطلاعات دفاتر کے تعمیراتی کام سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میںڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز کراچی غلام الثقلین ،چیف انجینئر بلڈنگس حیدرآباد اختر حسین ڈاوچ، ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد سوائی خان چھلگری ،ڈائریکٹر پریس انفارمیشن کراچی سلیم خان ، ایگزیکیوٹو انجینئر کلیم ملک، ڈپٹی ڈائریکٹرز اطلاعات حیدرآباد شہزاد شیخ ، ڈپٹی ڈائریکٹر سجاول میر عالم جوکھیو،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹنڈو الہیار خالد حسین کمبوہ ،ڈپٹی ڈائریکٹر مٹیاری محمد صابر کاکا، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹھٹھہ سعید میمن ،ڈپٹی ڈائریکٹر بدین محمد یعقوب بھٹی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر دادو عبدللطیف سولنگی اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عالمگیر رانجھانی نے شرکت کی۔ سیکرٹری اطلاعات سندھ عبد الرشید سولنگی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ زیر تعمیر دفاتر کے کام کی رفتار کو تیز کریں اور معیار ی کام کو یقینی بناتے ہوئے ان اسکیموں کو 30 جون 2022سے قبل مکمل کریں ۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ دفاتر کے تعمیراتی کام میں اگر کوئی رکاوٹیں حائل ہیں تو انہیں فوراً دور کیا جائے جبکہ انہوں نے اس ضمن میں ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات سوائی خان چھلگری کو ہدایت کی کہ وہ بلڈنگس ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران کے ساتھ ہر 15روز میں اجلاس منعقد کر کے زیر تعمیر دفاتر کے اسٹیٹس کو چیک کریں اور انہیں بھی اس ضمن میں مفصل رپورٹ ارسال کی جائے۔ بعد ازاں ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ اطلاعات حیدرآباد کے دورے کے موقع پر سیکرٹری اطلاعات سندھ عبد الرشید سولنگی نے محکمہ اطلاعات حیدرآباد ڈویژن کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ حکومت سندھ کے عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کی میڈیا کے ذریعے تشہیر کو یقینی بنائیں تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات لوگوں تک منتقل کیے جا سکیں۔انہوں نے صحافیوں کو ان کی پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد سوائی خان چھلگری نے ملازمین کی التوا کا شکار ترقیوں کے مسئلے کے علاوہ مختلف اضلاع کے اطلاعات آفسز میں عملے کی کمی ، گاڑیوں اور دیگر مسائل سے متعلق آگاہ کیا جس پر سیکرٹری اطلاعات نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔