English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

۔2 سال بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مکمل گنجائش کے مطابق نماز تراویح کا اہتمام

القمر

 2 سال بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مکمل گنجائش کے مطابق نماز تراویح کا اہتمام، سعودی عرب کی مساجد میں رمضان المبارک کی رونقیں لوٹ آئیں، مساجد میں نماز تراویح کیلئے نمازیوں کا سمندر امڈ آیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کا انتظار ختم ہوا، کئی ممالک میں ماہ مبارک کا آغاز ہو گیا۔سعودی عرب میں 2 سال بعد رمضان المبارک کی مکمل رونقیں لوٹ آئی ہیں۔ کرونا وبا کی وجہ سے گزشتہ 2 سالوں میں ماہ مبارک کے دوران مسجد نبوی اور مسجد الحرام سمیت مملکت کی تمام مساجد میں مکمل گنجائش کے مطابق نماز تراویح کی ادائیگی سمیت دیگر نمازوں کی ادائیگی کی بھی اجازت نہیں تھی۔ تاہم اب 2 سال کے بعد کرونا وبا کا زور ٹوٹنے کے باعث سعودی عرب کی مساجد کی رونقیں لوٹ آئی ہیں، جمعہ کی شام کو مملکت میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مکمل گنجائش کے مطابق نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا تو ان دونوں مساجد میں نمازیوں کا سمندر امڈ آیا۔واضح رہے کہ دنیا کے کئی ممالک نے رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے سرکاری اعلانات کر دیے ہیں۔ خلیجی ملک سعودی عرب میں بھی جمعہ کی شام کو رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا۔حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری بیان کے مطابق مملکت میں یکم رمضان 1443 ھجری 2 اپریل بروز ہفتہ کو ہو گی، جبکہ عمان کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک میں بھی ہفتے کے روز سے رمضان المبارک کا آغاز ہو گا۔آسٹریلیا دنیا کا پہلا ملک تھا جہاں جمعہ کے روز رمضان المبارک 1443 ھجری کا چاند نظر آیا۔آسٹریلیا کی امام کونسل نے ملک میں پہلا روزہ 2 اپریل بروز ہفتہ کو ہونے کا اعلان کیا۔ جبکہ ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی دارالاسلام کی حکومتوں نے رمضان المبارک کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک میں چاند نظر نہ آنے کے باعث پہلا روزہ 3 اپریل بروز اتوار کو ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے