کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے جمعہ کو پاکستان اسپورٹس بورڈ نیشنل کوچنگ سینٹر کراچی میں نوتعمیرشدہ پی ایس بی باکسنگ جیمنازیم کا آن لائن افتتاح کیا۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل پی ایس بی کوچنگ سینٹر شاہداسلام و دیگر معززین بھی موجود تھے۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں شاہد اسلام نے کہا کہ وفاقی حکومت کے مکمل تعاون سے جیمنازیم کی عمارت کی تعمیر پر 133 ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمنازیم کی عمارت کا افتتاح وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے آن لائن کردیا ، اب اس میں سب سے پہلے باکسنگ رنگ لگایا جائے گا جس کے بعد یہاں انڈور کھیلوں کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے کوشش کی جارہی ہے کہ جلد باکسنگ کیمپ کا انعقاد کیا جائے۔ شاہداسلام نے کہا کہ باکسنگ جمنازیم کی مسلسل دیکھ بھال کے لئے وفاقی وزیر اور ڈائریکٹر جنرل، پاکستان اسپورٹس بورڈ سے کسی افسر کی مستقل طور پر یہاں تعیناتی کے لئے شفارش بھی کروں گا اس موقع پر علی اکبر شاہ قادری اولمپین ریفری جج، غلام حسین پٹنی اولمپین ریفری جج، اولمپین باکسر رشید قمبرانی، ایشین چیمپئن علی بخش،اکرم خان، یونس قمبرانی،رافع الدین، وہاب دررانی، اور کلبوں کے باکسر وں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی باکسنگ کے تمام لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔محمّد طالب تمغہ امتیاز اور انٹرنیشنل فٹنس کوچ بھی موجود تھے۔ س موقع پر پروفیسر ڈاکٹر انور چودھری کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی کو سلوٹ پیش کیا گیا۔
