کولمبو (انٹرنیشنل ڈیسک) سری لنکا میں کابینہ کے بعد اب ارکان پارلیمان نے بھی استعفا دے دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق پارلیمان کے ڈپٹی اسپیکر رنجیت سیامبل پٹیا سمیت 40 سے زیادہ ارکان پارلیمان نے مخلوط حکومت سے استعفادے دیا۔ سیامبل پتیا نے کہا کہ سبکدوش ارکان اب آزاد نمایندوں کے طور پر پارلیمان میں بیٹھیں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کے روز کابینہ کے مستعفی ہونے کے بعد علی صابری کو وزیرخزانہ بنایا گیا تھا،تاہم انہوں نے ایک ہی روز بعد اپنا استعفا پیش کردیا۔ ادھر اپوزیشن جماعتوں نے صدر کی جانب سے اتحادی حکومت کے قیام کی تجویز مسترد کردی ہے۔ دوسری جانب ملک میں بگڑتی معاشی صورتحال کے درمیان ادویات، ایندھن، آلات کی قلت اور بجلی کی بار بار بندش کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ میڈیکل آفیسرز ایسوسی ایشن نے ہنگامی مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں اس کا اعلان کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ناقص معاشی اور مالیاتی انتظام کی وجہ سے بجلی کی کمی اور ایندھن کی قلت کے درمیان تمام اسپتالوں اور صحت کی سہولیات میں ضروری ادویات کے ساتھ ساتھ طبی آلات کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔اس سے قبل حکومت نے ملک گیر کرفیو بھی نافذ کردیا تھا ، تاہم پیر کے روز اسے اٹھالیا گیا تھا۔
The post سری لنکا ، ڈپٹی اسپیکر سمیت 40ارکان پارلیمان مستعفی appeared first on Daily Jasarat News.