English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آئین پر عمل ہی جنگل کے قانون سے محفوظ رکھ سکتا ہے ، لیاقت بلوچ

القمر

اسلام آباد /لاہور( نمائندگان جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی وسابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آئین پاکستان ملک وملت کی سلامتی، حقوق کا ضامن ہے، آئین پر عمل ہی جنگل کے قانون سے محفوظ رکھ سکتا ہے، وزیر اعظم عمران خان کے لیے اب ایک ہی راستہ ہے کہ وہ خود اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں ورنہ دوسری صورت میں قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجے میں انہیں منصب سے الگ ہونا پڑے گا اور جو حقائق ہیں عدم اعتماد کی تحریک کے باعث قومی اسمبلی میں جمہوری اور آئینی عمل کے ذریعے ان کی شکست اب یقینی ہے، حقائق اب نوشتہ دیوار ہیں، جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو ایک احسن فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے جمہوریت اور پارلیمانی نظام کو تقویت ملے گی، عمران خان کی نا اہل حکومت ہے اور عدلیہ کے فیصلے کے نتیجے میں قوم سے عمران خان کو معافی مانگنی چاہیے، عمران خان نے اپنے دور میں جس قدر امریکا کو ریلیف دیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی اور عدلیہ کے فیصلے سے امریکا مخالف بیانیہ جو وزیر اعظم نے بنایا تھا اسے بھی اب شکست ہوچکی ہے اوروہ بھی اب مر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے لیے عدلیہ کے فیصلے کے بعد اب یہی ایک بات ہوگی کہ وہ قوم سے معافی مانگیں اور خود ہی اپنے منصب سے الگ ہو جائیں ۔انہوں نے عدلیہ کے فیصلے کو نیک فال قرار دیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئین کے تحفظ اور آئین کے مطابق امور ریاست کو چلانے کی جدوجہد کرتی رہے گی، فوجی آمریت ہو یا اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے شخصی آمریت ہو ان کا سدباب کرنا ہر جمہوری، ذی شعور شہری، اور سول سوسائٹی کی قومی ذمے داری ہے۔ منصورہ میں سیاسی کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت سازی، حکومتی نااہلی ناکامی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور پارلیمان کو جمہوری اقدار کے مطابق چلانے کے لیے آئین پاکستان میں تمام اقدامات کو تحفظ حاصل ہے۔ عمران خان قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں اکثریت کھو چکے ہیں، عمران خان کے طرزِ حکومت اور اسلوب بیان نے پوری قوم میں مایوسی پیدا کی اور خود حکمران جماعت میں بغاوت پیدا ہو گئی ہے۔ حکومت اپنی ناکامی، نااہلی اور اکثریت کھو دینے کی حقیقت کو من پسند، فرضی خود غرضی اور ڈوبتی خواہشات کو جھوٹ پر مبنی اسکرپٹ اور بدزبانی بدکلامی کے زور پر 22 کروڑ عوام پر آمریت مسلط نہیں ہو سکتی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکا پاکستان کا اسٹرٹیجک دشمن اور بھارت ریاست جموں وکشمیر پر ناجائز قبضے کے ساتھ پاکستان کی سلامتی کا دشمن ہے۔ بدقسمتی ہے کہ 70 سال سے حکمرانوں نے امریکی چاپلوسی کی اور بھارت کے سامنے بزدلی دکھائی۔ جنرل پرویز مشرف، آصف زرداری، میاں نواز شریف اور عمران خان نے پاکستان کا سب کچھ امریکا کے قدموںمیں ڈھیر کر دیا۔ امریکی ذہنی، اقتصادی، اسلحے کی غلامی سے نجات کے لیے سیاسی کارڈز، داؤپیج نہیں سنجیدہ قومی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ یہ المیہ ہے کہ قومی مفادات اور قومی ترجیحات پر قومی قیادت متحد اور متفق نہیں۔جماعت اسلامی قومی مفادات، قومی ترجیحات اور پاکستان مخالف قوتوں کے مقابلے میں قومی حکمت عملی کی زبردست حامی ہے۔اب قومی قیادت کو احساس ہو جانا چاہیے کہ اسلام کی حکمرانی ہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے