سری نگر (اے پی پی/ صباح نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں مزید 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا ‘مختلف علاقوں میں گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے دونوں کو گزشتہ روز سری نگر کے علاقے بیشمبر نگر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ سری نگر میں ایک حملے کے دوران بھارتی پولیس کے 2 اور سی آر پی ایف کا ایک اہلکار زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ بھارتی پولیس نے ضلع بڈگام کے علاقے بیروہ سے 2 نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے سری نگر میں اپنے بیانات میں افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کشمیریوں کو سزا دینے کے لیے ریاستی دہشت گردی کو سرکاری پالیسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے‘ بھارت میں فسطائی مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر جعلی مقابلوں، قتل، اغوا اور پرُتشدد واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران 95 ہزار 995 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ علاوہ ازیں سری نگر میں بھارتی فورسز نے 13 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے تاریخی جامع مسجد سری نگر میں گزشتہ روز نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد آزادی کے حق اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے تھے ۔ پولیس کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ گزشتہ روز جامع مسجد سری نگر میں لوگوں کی بھاری تعداد نے نماز جمعہ ادا کی اور نماز کی ادائیگی کے بعد بھارت مخالف اور اشتعال انگیز نعرہ بازی کی‘ جامع مسجد سری نگر میں نعرہ بازی کرنے کے سلسلے میں 13 افراد گرفتار کیا گیا ہے۔
