ریاض(اے پی پی)سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ رواں سال 65سال سے کم عمر کے عازمین کو حج کرنے کی اجازت ہو گی۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بتایا ہے کہ رواں سال حج کے موقع پر سعودی عرب کے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ نہیں ہوگی۔ وزارت نے کہا کہ اس مرتبہ مقامی عازمین حج پر بیرونی ممالک کے عازمین حج کو ترجیح دی جائے گی۔ کورونا وائرس کی وبا کے 2سال کے دوران بیرون ممالک کے شہریوں کو حج پر آنے کی اجازت نہیں تھی صرف اندرون ملک سے ہی عازمین حج کررہے تھے۔ واضح رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ اندرون و بیرون مملکت سے رواں سال 10لاکھ افراد کو حج کی اجازت ہوگی۔ ہر ملک کو اس کی آبادی کے تناسب سے عازمین حج کا کوٹا دیا جائے گا۔
The post امسال 65سال سے کم عمر کے عازمین حج کریںگے appeared first on Daily Jasarat News.
