کراچی (اسٹاف رپورٹر) پہلا آل سرجونی ڈین رمضان فلڈ لائٹس سیون اے سائیڈ فٹبال ٹورنامنٹ کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم میں شروع ہوگیا جس میں شائقین فٹبال کی کثیر تعداد موجود ہے اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ ناک آئوٹ کی بنیاد پر ٹورنامنٹ میں 32 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ پہلا میچ ینگ گلوب نے مرتضیٰ اسپورٹس کو 2-1 سے ہرا کر جیت لیا۔ فاتح ٹیم کے سہیل نے پہلا گول پہلے ہاف کے 10 ویں منٹ اور دوسرا گول دوسرے ہاف کے 12 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ مرتضیٰ اسپورٹس کے طلحہ نے دوسرے ہاف کے 18 ویں منٹ میں شاندار بائی سائیکل گول اسکور کیا۔ دوسرے میچ میں امین اسپورٹس نے فراز الیون کو 1-0 سے شکست دیدی۔ فاتح ٹیم کے یعقوب نے پہلے ہاف کے 7 ویں منٹ میں گول اسکور کیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی پیپلز پارٹی کیماڑی زون کے صدر سجاد احمد تھے۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر ڈسٹرکٹ ویسٹ رضا خان، آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین ایشلے ڈین، شہزاد چمن، وسیم ریاض اور مارٹا وومن فٹبال کلب کے صدر رئیس خان و دیگر بھی موجود تھے۔ میچ کمشنر سلیم گراسی، اسسٹنٹ وقاص کامل، ریفری جلال بلوچ تھے۔ مہمانِ خصوصی سجاد احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال کی سرگرمیوں کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
