
پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نئے انتخابات کے اعلان تک احتجاج جاری رہے گا‘رات کے اندھیرے میں عدالتیں لگائی گئیں‘ ادارے بتائیں میں کیا قصور کیا تھا ۔ رات گئے پشاورمیں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ قوم امپورٹڈ حکومت کبھی قبول نہیں کرے گی‘ہم کسی بے غیرت حکومت کو نہیں مانتے‘ پاکستان میں جب بھی حکومت جاتی تھی تو مٹھائیاں بانٹی جاتی تھیں میں خوش قسمت ہوں کہ پورے ملک میں احتجاج ہورہا ہے۔ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ غلامی چاہتے ہیں یا آزادی‘ شہبازشریف اور اس کا بیٹا حمزہ شہباز ضمانت پر ہے ‘ایک کو وزیراعظم بنادیا گیا حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بنانے کی تیاری ہورہی ہے ‘ شہبازشریف پر 40ارب کی کرپشن کے کیسز ہیں ‘جو بھی سمجھتا ہے ہم ان چوروں کو حکومت کرنے کے لیے تسلیم کرلیں گے تو کان کھول کرسن لو یہ 71کا پاکستان نہیں ہے یہ نیا پاکستان ہے، باشعور لوگوں کا پاکستان ہے یہ سوشل میڈیا کا پاکستان ہے،چھ کروڑ پاکستان میں موبائل فون ہیں یہ نوجوانوں کا دور ہے ان کا منہ کوئی بند نہیں کرسکتا ۔حکمراں کان کھول سن لیں جس دن ہم نے کال دے دی تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔میں پانی عدلیہ سے پوچھنا چاہتا ہے میں نے آزاد عدلیہ کے لیے جیل گیا ‘ ہم ایک خواب دیکھتے ہیں کہ ایک دن عدلیہ کمزور لوگوں کے ساتھ کھڑی ہوگئی۔ میں پوچھتا ہوں کہ رات کے اندھیرے میں آپ نے عدالت لگائی کیا کبھی میں نے قانون توڑا‘ مجھ پر کبھی میچ فکسنگ کا الزام نہیں لگا، میں نے کبھی ملکی اداروں کیخلاف کبھی قوم کو نہیں بھڑکایا، میں عوام سے پوچھتا ہوں کہ میں نے کیا جرم کیا تھا کہ آپ نے رات کے 12بجے عدالتیں لگائیں۔ مجھے جواب دیں کہ ہمارا ہیرو علی محمد اس نے اکیلیے تقریر کی اکیلے چوروں کا مقابلہ کیا۔ میں ججز سے پوچھتا ہوں کہ کیا قاسم سوری نے ٹھیک نہیں کیا تھا کہ جو مراسلہ اسے ملا اس پر واضح لکھا ہوا تھا کہ عمران خان کو ہٹاؤ گے تو سب معاف کردیں گے۔اے امریکیو ہمیں تمہاری معافی کی ضرورت نہیں ہے‘ تمہیں عادت پڑی ہوئی ہے ان غلامی کی شریفوں کی زرداریوں کی ،امریکا نے ہماری توہین کی ہے‘ بڑے چوروں کو ہم پر مسلط کردیا گیا ہے۔ سازش کے تحت چوروں کو حکومت دلائی گئی میں اداروں سے پوچھتا ہوں کہ کیا جن کے پیسے باہر پڑے ہوئے ہیں ان کے ہاتھوں ایٹمی پروگرام محفوظ ہے‘ جب تک نئے انتخابات کا اعلان نہیں ہوجاتا ہم سڑکوں پر ہوں گے، میں سارے پاکستانیوں کو کال دے رہا ہوں ‘ ہفتے کو میں کراچی میں جلسہ کروں‘ پورے ملک کو اس امپورٹڈ حکومت اور غلاموں کیخلاف نکلنا ہے، پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن وقت ہے کیا ہم اس سازش کو کامیاب ہونے دیں گے اگر ہم نے ایسا کیا تو ہماری نسلیں اور بچے ہمیں معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی قوم کے لیے تھی۔
