لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان کے 22 کروڑعوام نے پیپلزپارٹی،مسلم لیگ ن، تحریک انصاف سمیت سب بیانیے اوران کا انجام دیکھ لیا ہے کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آنے والا ملک میں صرف اورصرف اللہ اوراس کے رسول ﷺ کا بیانیہ ہی کامیابی سے چل سکتا ہے آج ملک وقوم جن سنگین حالات سے دوچارہیں اس میں ان تینوں بڑی جماعتوں نے کلیدی کرداراداکیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے روزہ داروںکو شدید مشکلات کا سامنا ہے عوام لناس کو بجلی وگیس کی لوڈ شیڈنگ سے سحروافطار میں پریشانی کا سامناکرنا پڑرہا ہے جبکہ دوسری طرف رہی سہی کسر گراں فروشی نے پوری کر دی ہے۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتیںآسمان سے باتیں کر رہی ہیں نئی حکومت کو فوری طورپر مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنا چاہییں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی حکومت میں رہنے والے وزیر خزانہ شوکت ترین آج قوم کے سامنے بر ملااعتراف کر رہے ہیں کہ ان کی حکومت کے پاس معاشی پلان نہیں تھا ۔ قوم کو محض گمراہ کیا جاتا رہا ہے ۔ حالات کا تقاضا ہے کہ تمام جماعتیںملک وقوم کو درپیش مسائل اوربالخصوص معیشت پر اتفاق رائے پیدا کریں، تاکہ عوام کی زندگی میں آسودگی ہوسکے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ ہر حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ دوسروں پر ڈال کر بری ا زمہ ہونے کی کوشش کرتی ہے ۔ملک کے اندر محض چہرے بدلنے سے حالات درست نہیں ہو سکتے فرسودہ نظام کو بدلنے کے لیے جہادکرنا ہو گا ۔
