اسلام آباد (آن لائن) بجلی کا شارٹ فال 7 ہزارمیگاواٹ تک پہنچ گیا۔ وزارت توانا ئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار15 ہزار500 اور طلب 21 ہزار500 میگاواٹ ہے۔ ہائیڈل پاور پلانٹس 1 ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا کررہاہے۔ سرکاری تھرمل پاورپلانٹس 2 ہزار500 میگاواٹ بجلی پیدا کررہاہے۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار12 ہزارمیگاواٹ ہے۔ بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 33 ہزارمیگاواٹ ہے، ذرائع وزارت توانائی کا مزید کہنا ہے کہ کم پیداوارسے سسٹم کویومیہ 10 ارب روپے سے زاید کا نقصان ہورہا ہے۔ بعض پاورپلانٹس بند ہونے کے باوجود کپیسٹی پیمنٹ وصول کررہے ہیں۔ ملک بھرمیں 10 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ دوسری جانب بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کا بحران بھی سر اٹھانے لگا۔ تربیلا ڈیم 53 روز سے خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ارسا ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبوں کو 26 فیصد پانی شارٹ فال کا سامنا ہے۔ ارسا نے صوبوں کو جوائنٹ ڈسچارج میریمنٹ کی ہدایت کردی۔ گزشتہ سال کی نسبت دریاؤں میں پانی کا بہاؤ 8 ہزار کیوسک کم ہے۔چناب اور دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ نہیں بڑھ رہا۔ پنجاب کو 70 ہزار کے بجائے 52 ہزار اورسندھ کو 44 ہزار کے بجائے 33 ہزارکیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ ذرائع ارسا کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم 18 اپریل تک خالی رہے گا۔ صوبہ پنجاب کی ٹیمیں پانی کی پیمائش کے لیے گدو اور کوٹری کی نگرانی کر یں گی ۔سندھ کی ٹیمیں تونسہ اور پنجند میں پانی کا اخراج دیکھیں گی۔ارسا نے صوبوں کو پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی ہدایت کردی۔
