کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے انسپیکشن، انکوائری ٹیم و سیاسی امور اور پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی سیاست سفید جھوٹ سے شروع ہوکر انتشار پر ختم ہوتی ہے۔ عمران خان کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں وقار مہدی نے کہا کہ عمران نیازی کی سیاست نے پاکستان کو جمہوری، معاشی، معاشرتی اور سفارتی طور ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے اور عمران خان کے لیٹر گیٹ کا ڈرامہ بری طرح سے فلاپ ہو چکا ہے۔
یہ بھی عمران خان کی ہی سیاست تھی، جس نے مودی کو کشمیر کی خصوصی حیثیت پر ڈاکہ مارنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے عمران خان چوری کے مینڈیٹ سے اقتدار میں آئے تھے اور جمہوری عمل کے ذریعے حقیقی عوامی نمائندوں نے 174 ووٹوں اقتدار سے نکال کر باہر کر دیئے گئے۔ انھوں نے کہا کہ 4 سالہ دورِ نااہلی پر مبنی اقتدار نے ثابت کردیا کہ عمران خان کے پاس ملک و قوم کو آگے لے جانے کے لیئے کوئی بھی پروگرام اور ویثزن نہیں تھا عمران خان کی پوری حکومت جھوٹ اور عوام کو طفل تسلیوں پر کھڑی تھی وہ صرف لوگوں کو جھوٹی باتوں اور سہانے خوابوں میں الجھائے رکھنا چاہتے تھے۔
ملک اور قوم جھوٹ اور فریب پر نہیں بلکہ عوام کی خدمت سے چلتے ہیں۔ وقار مہدی نے کہا کہ عمران خان کے حالیہ شور شرابے کے پیچھے اسباب اقتدار سے محرومی اور پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کے جلد متوقع فیصلہ کی شدید پریشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک بار تو جھوٹ اور کچھ بے ساکھیوں کے سہارے اقتدار تک پہنچ گئے تھے، لیکن یہ پہلی اور آخری بار ہوا تھا۔
پاکستان اب عمران خان کی منفی سیاست اور نیازی اقتدار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ وقار مہدی نے کہا کہ عمران نیازی کی نااہلی، نالائقی، ناکامیوں اور منفی کردار کی وجہ سے پاکستان کو ہونے والے نقصان کا ازالہ صرف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کا سیاسی تدبر و ویڑن ہی کرسکتا ہے۔
