پشاور(جسارت نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری سید ظاہر شاہ نے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم کے نئے آسٹرو ٹرف میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پی ایس بی کی نااہلی کے باعث قومی ہاکی کھیل کا بیڑہ غرق کیا گیا اور صوبائی دارالحکومت کے ایک سو سے زائد کھلاڑیوں کا نہ صرف کھیل متاثر ہوا بلکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا سالانہ کیلنڈر ہاکی کے مقابلوں کے حوالے سے بھی متاثر ہوگیا ہے یہ باتیں انہوں نے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کی . انہوں نے کہا کہ کینڈین نژاد ڈاکٹر ندیم کو کنٹریکٹ دیا گیا جنہوں نے سات جنوری کو یہ بیان دیا تھا کہ اپریل تک اس پرنیا ٹرف لگایا جائیگا تاہم حیرت انگیز طور پر صرف ٹر ف کو ہٹایا گیا اوراس عمل میںصوبائی اسپورٹس ڈائریکٹریٹ کی نااہل ایڈمنسٹریشن کا بھی ہاتھ ہے جنہوں نے اس بارے میں پی ایس بی سے معلومات بھی نہیں کی کہ کب تک یہاں پر ٹرف لگاا جائیگا.انہوں نے کہاکہ ٹرف کو ہٹائے جانے کے موقع پر میں نے ڈی جی اسپورٹس ڈائریکٹریٹ کو کہا بھی تھا کہ اس میں ایبٹ آباد آسٹرو ٹرف والا کام ہوگا اور بالکل یہی ہوا ابھی تک ٹرف نہیں لگایا گیا ان حالات کے باوجود لاہور میں ہونیوالے کیٹل اینڈ ہارس شو میں ہونیوالے ہاکی کے مقابلوں میں خیبر پختونخواہ کی ٹیم نے پنجاب کی ٹیم کیساتھ فائنل میں مقابلہ کیا یہ الگ بات کہ پینلٹی پر ہم ہار گئے لیکن اس کی بنیادی وجہ بھی یہی تھی کہ کھلاڑیوں کی پریکٹس آسٹرو ٹرف پر نہیں تھی.انہوں نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل پر شدید تنقید کی اور کہا کہ پتہ نہیں انہوں نے کوئی کھیل بھی کھیلا ہے یا گلی ڈنڈا کھیل کر آئے ہیں ۔
