نواب شاہ (نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ اسلام کے پہلے معرکہ حق و باطل نے بدر کے میدان میں اپنے سے تین گنا بڑے اور وسائل سے لیس کفار کے لشکر کو شکست دے کر رہتی دنیا تک یہ درس دیا ہے کہ جنگ افرادی قوت سے نہیں ایمان اور جذبہ جہاد سے جیتی جاتی ہیں وہ سانگھڑ روڈ پر ایک نجی اسکول میں جماعت اسلامی کی جانب سے منعقدہ غزوہ بدر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمان اور احتساب کے ساتھ رکھے گئے روزے اور دیگر عبادات اللہ تعالیٰ کو پسند ہیں انہوں نے اس پر افسوس کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی مساجد نمازیوں سے بھر جاتی ہیں لیکن بازاروں اور مارکیٹوں میں ذخیرہ اندوزی و منافع کی شرح بڑھ جاتی ہے انہوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر کہا کہ 36 رکنی کابینہ میں وزیر اعظم سمیت 24 وزرا پر کیس ہیں ایک پرائمری ٹیچر کی تعیناتی کے لیے بھی امیدوار کو تھانے سے این او سی حاصل کرنا پڑتا ہے لیکن قوم کے مستقبل کے فیصلے کرنے والے اس سے آزاد ہیں موروثی سیاست نے اس حد تک سرایت کر لیا ہے کہ باپ ملک کا وزیراعظم اور بیٹا سب سے بڑے صوبہ کا وزیر اعلیٰ بن جاتا ہے انہوں نے کہا کہ تیرا چور مردہ آباد اور میرا چور زندہ آباد کا رویہ تبدیل ہونا چاہیے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی نے فلسطین میں قبلہ اول بیت المقدس میں رمضان المبارک میں اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے فلسطینی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم، شہادتوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک معذور رہنما احمد یاسین کی قیادت میں قائم ہونے والی حماس تحریک ظلم کے خلاف سینہ سپر ہے اسلامی ممالک کی خاموشی اور رویہ شرمناک ہے تقریب سے مقامی امیر فیصل ہمایوں نے بھی خطاب کیا۔
