English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کیخلاف ملک گیر احتجاج چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ

القمر

کراچی،اسلام آباد، پشاور، گوجرانوالہ، گجرات (اسٹاف رپورٹر+ صباح نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر ملک بھر میں الیکشن کمیشن کیخلاف احتجاج، تحریک انصاف کے کارکنان نے دفاتر کے سامنے دھرنا دے دیا۔ پی ٹی آئی کراچی ریجن کی تنظیم کی جانب سے چیئرمین الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر مظاہرے میں پی ٹی آئی کے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیرزمان، پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار، جنرل سیکریٹری سیف الرحمن،فردوس شمیم نقوی، سابق ایم این اے آفتاب حسین صدیقی سمیت دیگر رہنما موجود تھے، احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے الیکشن کمیشن دفتر کے باہر الیکشن کمیشن اور امپورٹڈ حکومت کیخلاف نعرے لگائے،رہنماؤں کی جانب سے سابق اراکین فہیم خان اور عطاء اللہ کو ہتھکڑیاں لگانے کی مذمت کی گئی،مظاہرین سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن میں بیٹھے بے شرموں کو شرم دلانے آئے ہیں چیف الیکشن کمشنر آپ جس کے داماد ہوں بحیثیت داماد ان کی خدمت نہ کرو الیکشن کمیشن لوٹوں کا سرپرست ہے۔الیکشن کمیشن کا دہرا معیار چل رہا ہے۔پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے کہا کہ ثابت ہوگیا چیف الیکشن کمیشن پارٹی بن گئے ہیں ، سکندر سلطان راجا ضمیر فروشوں کی سرپرستی کررہے ہیں۔ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں ریڈ زون کو سیل کیے جانے کے باعث تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی علی نواز اعوان کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنان نے نادرا چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پشاور میں پی ٹی آئی ورکرز کا الیکشن کمیشن کے صوبائی دفترکے سامنے احتجاج کیا جس میں پی ٹی آئی کارکنوں نے چیف الیکشن کمشنر کی تصاویر اٹھارکھی تھی اور ان کے خلاف نعرے بازی کی۔پی ٹی آئی کارکنان کا کہنا ہے کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر جانبدار ہیں اور انہیں فوری ہٹایا جائے۔ گوجرانوالہ میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کا ضلعی الیکشن کمشنر آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا کارکنان ریلیوں کی صورت الیکشن کمشنر آفس کے سامنے پہنچے اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے۔ گجرات میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاج کیا جس میں کارکنان چیف الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے