کراچی (اسٹاف رپورٹر) جے آئی یوتھ ضلع کورنگی کے تحت 15روزہ جے آئی یوتھ کرکٹ ٹورنامنٹ راجپوت اسپورٹس اپنے مدمقابل شجاع اسپورٹس کو2 رنز سے شکست دے کر فاتح قرارپائی ۔آخری گیند پر شجاع اسپورٹس کو 6 رنز درکار تھے ۔شجاع اسپورٹس کے کپتان نے زور دار ہٹ لگائی اور بالکل بائونڈری لائن کے قریب گیند گری اور امپائر نے اسے چوکا قرار دے دیا ۔ اس طرح 2 رنز سے راجپوت اسپورٹس فائنل جیتنے میں کامیاب رہی ۔ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان تھے جبکہ دیگر مہمانوں میںجماعت اسلامی ضلع کورنگی کے سیکریٹری اور سابق یوسی ناظم عبدالحفیظ جے آئی یوتھ ضلع کورنگی کے صدر ارشد حسین قریشی ،جماعت اسلامی علاقہ کورنگی کے ناظم حسیب احمد خان ،معروف بلڈرزکاشف ملک،رحیم آفریدی ،محمدکاشف ودیگر ذمہ داران تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالجمیل خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے کھیلوں کے گرائونڈ کی رونقیں بحال کرے گی ۔کراچی میںبہت ٹیلنٹ ہے ۔کراچی کے کھلاڑیوں کا ہمیشہ استحصال ہوا ہے ہم کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ اب زیادتی برداشت نہیں کرینگے اور کراچی کے ٹیلنٹ کی سرپرستی کی جائے گی ۔
