کراچی :ایڈمنسٹریٹر کراچی مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے جامعہ کراچی میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے وین ڈرائیور کے ورثاء کے لئے فوری طور پر 10 لاکھ روپے امداد اور فیملی میں سے ایک شخص کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلا ن کیا ہے،
گلشن معمار میں شہید وین ڈرائیور محمد خالد نواز کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی ہے، اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں، سندھ حکومت شہید کے بچوں کی تعلیم اور کفالت کا انتظام کرے گی،
اس موقع پر شہید وین ڈرائیور کے ورثاء نے درخواست کی کہ شہید کی میت کی شناخت جلد کروائی جائے تاکہ تجہیز و تکفین جلد کرسکیں جس پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے انہیں میت کی شناخت میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس افسوناک سانحہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے
جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا، یہ مالی امداد متاثرہ خاندان کے دکھوں کا مداوا کرنے کی ادنیٰ سی کوشش ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک ناسور ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے، سندھ حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے،
جامعہ کراچی میں یونیورسٹی کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت اور موثر بنائے جائیں گے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے سانحات سے بچا جاسکے۔
