کراچی:معروف تاجر و سماجی رہنما محمد فرحان خان نے کہا ہے کہ کراچی مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے۔شہر کا 95 فیصد پانی انسانی استعمال کے قابل نہیں ہے۔ عوام کے لیے تفریحی پارک اور کھیل کے میدان موجود نہیں ہیں۔
یہاں ٹرانسپورٹ کے مسائل ہیں اور یہ عروس البلاد جدید اور ترقی یافتہ کہلانے کے بجائے چنگ چی کا شہر بن چکا ہے، انفرا اسٹرکچر تباہ ہے سیوریج کا نظام ناکارہ ہے اسی طرح یہاں صحت کے شعبے کے بڑے مسائل ہیں جن کی وجہ سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔اپنے جاری ایک بیان محمد فرحا ن خان نے کہا کہ
کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کو بنیادی سہولتیں پہنچانے کے لیے حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں حکومت عوام کے ٹیکسوں سے ہی یہ وسائل فراہم کرتی ہے، مگر وہ اپنی ذمے داری پوری نہیں کرتی، آج ہر شعبے میں مافیاز سرگرم ہیں، عوام کو صحت کے وسائل فراہم کرنے پر وفاقی حکومت تیار ہے نہ صوبائی حکومت۔ سندھ حکومت این جی اوز کے پیچھے چھپ رہی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ
این جی اوز حکومت کا کام نہیں کرسکتیں۔ انہوںنے کہا کہ 51سال سے کراچی میں ایک جنرل ہسپتال عوام کو نہیں دیا گیا کراچی کے شہریوں کے ساتھ تعصب برتا جارہا ہے۔ اس تعصب کے خلاف مشترکہ آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب گیس، پانی، بجلی اور ٹرانسپورٹ کا نظام نہ ہو تو عوام پر اس کے کیا ذہنی اور نفسیاتی اثرات مرتب ہوتے ہیں، حکمرانوں کو اس کا قطعا ًکوئی اندازہ نہیں ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومتیں جھوٹ کی بنیاد پر چل رہی ہیں، عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے بیدار ہونا ہوگا۔
