کوٹری(جسارت نیوز) سائوتھ ایشین گیمز اور ایشین گیمز کے لیئے پاکستان فیڈریشن بیس بال کی جانب سے ٹریننگ کیمپ لگانے کا فیصلہ احسن قدم ہے۔ پہلے مرحلے میں پچرز وکیچرز کی تربیت کے مذکورہ کیمپ اجوہ سٹی گجرانوالہ میں اگلے ہفتے میں شروع کردیا جائے گا جسکی نگرانی اجوہ سٹی کے سی ای او محمد تنویر کریں گے جبکہ ہیڈ کوچ مصدق حنیف، کوچ طارق ندیم اور 7 مئی کو پاکستان پہنچ رہے امریکن کوچ رینڈل آرمز، پاکستان فیڈریشن بیس بال کے ٹریننگ اسٹاف کے ہمراہ کوچنگ مہیا کرینگے۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کے کیمپ لگانے کے اس بروقت فیصلے کو بیس بال اور اسپورٹس حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔اس ضمن میں سید فخر علی شاہ کا کہنا ہے کہ ان چمپیئن شپس میں ہمارا مقابلہ ایشین و ورلڈ کی ٹاپ ٹیموں سے ہونا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ یہ ایک مشکل صورتحال ہوگی تاہم ہم پاکستان ٹیم کو بہتر سے بہتر بنا کر دنیا بھر میں پاکستان کو بہتر ٹیم کے طور پر سامنے لانا چاہتے ہیں تاکہ وطن عزیز کا نام روشن ہو اور ہمارے کھلاڑی بھی اپنے آپ کو کسی سے کم نہ سمجھیں اور مقابلے کی فضا قائم رہے۔ فیڈریشن نے پہلیفروری میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کو اسلام آباد میں کیمپ لگانے کی درخواست دی تھی اور کوئی جواب نہ ملنے پر گزشتہ ماہ یاد دہانی کرائی گئی تھی۔اس ضمن میں ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کرنل(ر) آصف زمان نے جلد کیمپ کا آغاز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
