English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیٹرول کی مد میں ہر ماہ 102 ارب کا نقصان ہو رہا ہے ، کوشش ہوگی قیمت نہ بڑھائیں ، وزیر خزانہ

القمر

کراچی (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پیٹرول کی مد میں حکومت کوہر ماہ 102 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، کوشش ہوگی قیمت نہ بڑھائیں۔جمعرات کو مسلم لیگ ہاؤس کارساز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے کے مطابق پاکستان میں پیٹرول 245 روپے اور ڈیزل کی قیمت 295روپے ہونی چاہیے تھی،ہم پیٹرول 145 روپے کا دے رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں حکومت نے کبھی بھی نقصان میں پیٹرول فروخت نہیں کیا لیکن اب فی لیٹر پیٹرول پر 30 روپے اورڈیزل پر 70 روپے فی لیٹر نقصان ہورہا ہے،اگر پیٹرول کی قیمت میں رودبدل کیا بھی تو 30 روپے پیٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس عاید نہیں کریں گے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ایک تخمینے کے مطابق 70 فیصد پیٹرول گاڑی والے اور30 فیصد موٹر سائیکل والے استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک مہینے کا پوری سویلین حکومت چلانے کا خرچہ 45 ارب روپے ہے، اس میں پولیس، عدالت، اسپتال، وزارتیں اور تمام محکمے شامل ہیں۔ وزیر خزانہ کے بقول پاور سیکٹر میں 2 ہزار ارب سے زائد جبکہ گیس سیکٹر میں ڈیڑھ ہزارارب تک سرکلر ڈیٹ ہے، اس سرکلر ڈیٹ کو پورا کرنے کے لیے رقم کہاں سے لائیں ؟جون کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں بجٹ پیش کریں گے،اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کے باعث ہم اسٹیٹ بینک سے قرضہ نہیں لے سکتے، مارکیٹ سے قرض لینے میں مشکلات درپیش ہیں جبکہ اس سے شرح سود میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان واشنگٹن ڈی سی میں کچھ بولتے ہیں اسلام آباد میں کچھ بولتے ہیں، ان کے قول و فعل میں 100 روپے فی لیٹر کا تضاد ہے، رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں عمران خان نے اپنے دوستوں کو نواز نے کے لیے سبسڈی دی۔ سابق حکومت کے دور میں 60 لاکھ افراد بے روزگار ہوئے، پاکستان کی بقا کے لیے سی پیک انتہائی ضروری ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے اچھے مذاکرات ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ چین نے پاکستان کو قرضہ دیا اور تعمیرات کیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف نے ایسا کیا کردیا کہ چند دن میں چینی 2019ء کے بعد 70-75 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے۔ کے الیکٹرک کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نے 600 میگا واٹ بجلی فری میں دی تو اس کا حساب ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کے دوران مفتاح اسماعیل نے عمران خان کو چیلنج دیا کہ دیکھتا ہوں مئی جون کی گرمی میں عمران خان کتنے دن دھرنا دیتے ہیں،گرمی میں ان کے کتنے لوگ پگھل جائیں گے، پہلے تو کئی لوگ ان کے ساتھ تھے لیکن اس بار ان کا ساتھ دینے والے لوگوں نے بھی منع کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے