بنوں (آن لائن) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ جمہوریت کی بحالی کیلیے پارلیمنٹ کو مضبوط بنانا ضروری ہے آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار کے فروغ اور اداروں کی مضبوطی کیلیے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، سابق ادوار میں اداروں کو تباہ کرکے شخصی فیصلوں کو فوقیت دی گئی جس سے آئین و قانون کی دھجیاں اُڑائی گئیں، ساڑھے 3 سال میں ملک کو تباہ کرکے اصلاحات کے نام پر عوام کو دھوکا دیا گیا۔ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب حقیقی جمہوری دور کا آغاز ہوا ہے عوام جلد ہی اس کے ثمرات محسوس کریں گے، کسی کو بھی اسلام آباد یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، سابق حکمرانوں نے ملک میں آئین اور قانون سے کھلواڑ کرکے جمہوریت کو نقصان پہنچایا اور اصلاحات کے نام پر اداروں کو تباہ کرکے ریکارڈ سطح پر اربوں کی کرپشن کی گئی، غیر قانونی طور پر دیگر صوبوں میں دوستوں کو نواز کر حکومتی فیصلوں کا اختیار غیر متعلقہ لوگوں کے حوالے کیا جس کی وجہ سے کرپشن کے نئے نئے اسیکنڈل منظر عام پر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کا مکمل حساب قوم کو بتائیں گے، جنہوں نے ملکی خزانے کو ذاتی سمجھ کر لوٹا ان کا مکمل حساب کتاب کریں گے، کس قانون کے تحت ملک کو تحفے میں ملنے والی قیمتی اشیاء پر لوٹ سیل لگا کر اپنے لیے کم قیمت پر خریدی گئیں اور آگے بیچ کر ملک کو عالمی سطح پر بدنام کیا گیا۔
