کراچی/نواب شاہ (نمائندگان جسارت) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے اپنے نام اور انتخابی نشان ترازو کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، عوام موجودہ اور سابق حکمران جماعتوں کی کارکردگی سے مایوس ہوچکے،لوگ حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ سندھ اور وفاق میں بار بار چہرے تبدیل کرنے والے خفیہ ہاتھوں کو اب ملک کی ترقی اور عوام کی بھوک، بدحالی،مہنگائی اور بیروزگاری سے نجات کے لیے ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی اور فلاحی مملکت بنانے کے لیے دیانتدار لوگوں کی راہ میں روڑے اٹکانے کا سلسلہ بند کرنا چاہیے، چہرے نہیں نظام کی تبدیلی سے ہی ملک اور عوام کے مسائل حل ہوںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اندرون سندھ کے 4 روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں نواب شاہ میں ضلعی شوریٰ اورذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر اور صوبائی سیاسی کمیٹی کے سربراہ ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ، ضلعی امیر سرور احمد قریشی سمیت دیگر مقامی ذمے داران بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ عوام تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سے مایوس ہیں بلدیاتی انفرااسٹرکچر تباہی کا شکار ہے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں صفائی کا نظام نہیں ہے، سندھ کے بلدیاتی اداروں کو اربوں روپے کے فنڈز دیے گئے جو کہ کرپشن کی نظر ہو گئے لوگ تبدیلی کے لیے آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں آپ مناسب حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں، مخالفین کے پاس ہمارے مقابلے میں لامحدود وسائل ہیں، ہمیں اپنی دعوت گھر گھر پہنچانی ہے۔گزشتہ 15 سال سے سندھ پر حکمرانی کرنے والوں نے عوام کو لوٹ مار،قبائلی تصادم، پولیس گردی،ڈاکو راج اور کرپشن کے تحفے دیے ہیں، سندھ کے دیہات اور شہروں میں عوام کے لیے روزگار،صاف پانی،صحت اور تعلیم سمیت ضروری انسانی سہولیات ناپید جبکہ حکمرانوں کی دولت میں دن رات اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے سندھ کے عوام شدید اذیت اور کرب میں مبتلا ہیں، کسان کھاد،زرعی ادویات، بجلی کے مہنگے داموں کی وجہ سے پریشان تھے اب نہری پانی نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ پر موجود فصلیں تباہ اور پورا سندھ تھر کا منظر پیش کررہا ہے لیکن حکمرانوں کی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ سندھ کے لوگوں کو چاہیے کہ اب وڈیراراج کے سرغنہ حکمرانوں کے بجائے شفاف کردار کے مالک دیانتدار قیادت کو بلدیاتی اور عام الیکشن میں منتخب کرکے اپنی اور اپنے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کریں ۔ اجلاس سے صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ ضلعی امیر سرور احمد قریشی نے ضلعے کی اور فیصل ہمایوں نے نوابشاہ، کنور راشد مکرم نے سکرنڈ، محمد زمان جونو اور طارق جاوید آرائیں نے باندھی کی سیاسی و انتخابی صورتحال پیش کی۔
