قاہرہ/اسلام آباد (آئی این پی+آن لائن) مصر کے جزیرہ نما سینا کے علاقے میں حملے کے نتیجے میں11 مصری فوجی ہلاک ہوگئے۔مصری فوج کا کہنا ہے کہ حملے میں تکفیری جماعت کے مسلح دہشت گرد ملوث ہیں، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور ان کا پیچھا کیا جارہا ہے۔ ادھر پاکستان نے مصر میں حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کرتی ہے اور حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے مصر کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔
