سرینگر (مانیٹرنگ ڈیسک + اے پی پی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ظالم فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے 2 نوجوانوں کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کریری ڈورو میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ قابض حکام نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔اس سے قبل گزشتہ رات ضلع شوپیاں کے علاقے پنڈوشن میں اسی طرح کی ایک کارروائی کے دوران فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک شہری آج سرینگر کے ایک اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ علاقے میں فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک اور شہری کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی حلقہ بندیوں پر وادی بھر میں شدید احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حریت پسند جماعتوں کی کال پر جگہ جگہ مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت، اسٹوڈنٹس یونینز اوردیگر تنظیموں نے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کشمیری طلبہ کے پاکستان جانے پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔ رہنمائوں کا کہنا ہے کہ یہ کشمیریوں کو پسماندہ اور غیر خواندہ رکھنے کی ایک سازش ہے تاکہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی استحصال اور ظلم و تشدد کے خلاف اپنی آواز بلند نہ کرسکیں۔
