English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیر اعظم لندن یا ترا کی بجائے نواز شریف کو پاکستان بلالیتے تو قانون پر عمل درآمد ہو جاتا ، جاوید قصوری 

القمر

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف وزیروں ، مشیروں کی فوج کے ہمراہ میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن جانے کی بجائے انہیں پاکستان ہی بلالیتے، اس طرح قانون پر عمل درآمد بھی ہوجاتا اور ان سے ملاقات کی خواہش بھی پوری ہوجاتی۔

قومی خزانے کو ذاتی سیر سپاٹوں پر برباد نہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رور منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ مسلم لیگ نون نے حالات سے سبق حاصل نہیں کیا۔ آج بھی ان لوگوں کا وہی طرز حکمرانی ہے جس کی پاداش میں پاکستان کے عوام نے 2018ء میں ان کو مسترد کیا تھا۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ ان لوگوں نے قومی خزانہ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے اورخود کو نہ سدھرانے کی قسم کھا رکھی ہے۔ قوم کی بد قسمتی ہے کہ اس کی قسمت کے فیصلے کبھی امریکہ میں ہوتے ہیں اور کبھی برطانیہ اور دبئی میں ۔ ایسے چہروں اور مصنوعی قیادت کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے مسترد کرنا ہوگا۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ توشہ خانہ کیس میں آصف علی زرداری ، نواز شریف اور اب عمران خان تینوں پارٹیوں کی لیڈر شپ بے نقاب ہوگئی ہے۔ پاکستان کو مصنوعی نعروں اور جھوٹے دعوئوں کی نہیں بلکہ محب وطن قیادت کی ضرورت ہے۔ جو کہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی فراہم کرسکتی ہے۔ ملک و قوم کو درپیش مسائل کا حل جماعت اسلامی کے پاس ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے