اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے‘جبکہ سی این جی اور سونا مزید مہنگا ہوگیا ہے۔حکومت کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ سے بات چیت مزید مشکل ہوگئی کیونکہ آئی ایم ایف پرانے مطالبے پر قائم ہے کہ پیٹرول مہنگا کیے بغیر بات نہیں بنے گی۔ ذرائع کے مطابق 16 مئی سے پیٹرول مہنگا ہونے کا امکان ہے کیونکہ آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ پیٹرول کی سبسڈی کو محدود کیا جائے اور پیٹرول پر جنرل سبسڈی ختم کی جائے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پہلے ہی آئی ایم ایف کو بجلی مہنگی کرنے کا پلان دے چکا ہے‘ بجلی مہنگی کرنے کے پلان پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔سی این جی کی قیمت میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے‘ فی کلو قیمت 70 روپے اضافے سے 230 روپے سے بڑھ کر 300 روپے مقرر کر دی گئی‘دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے ،اوگرا اجلاس میں آج اہم فیصلہ کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر دی جانے والی سبسڈی ختم کی جائے گی۔ سبسڈی کو مرحلہ وار ختم کر تے ہوئے پہلے مرحلے میں پیٹرول کی قیمت میں10 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ اوگرا نے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات پر بڑھتی ہوئی سبسڈی سے آگاہ کر دیا‘ فی لیٹر پیٹرول پر حکومت 29 روپے 60 پیسے سبسڈی دیتی ہے اور 16مئی سے فی لیٹر پیٹرول کی یہ رقم 45 روپے 14 پیسے تک پہنچ جائے گی۔ ذرائع نے کہا کہ ڈیزل پر فی لیٹر سبسڈی اس وقت 73 روپے4 پیسے ہے‘ 16 مئی سے ڈیزل پر سبسڈی 85 روپے 85 پیسے تک پہنچ جائے گی‘ اسی طرح مٹی کے تیل پر فی لیٹر سبسڈی 43 روپے 16 پیسے ہے‘ 16 مئی سے مٹی کے تیل پر فی لیٹر سبسڈی 50.44 روپے ہو جائے گی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل آئل پراس وقت فی لیٹر سبسڈی64.70 روپے ہے، 16مئی سے لائٹ ڈیزل پریہ سبسڈی 68 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ساری سبسڈی ختم کریں تو فی لیٹر پیٹرول 45 روپے 15 پیسے بڑھانا پڑے گا اور پیٹرول 195روپے کا ہو جائے گا۔ اس طرح مکمل سبسڈی ختم کرنے سے ڈیزل 230 روپے فی لیٹر ، مٹی کا تیل 176روپے اور لائٹ ڈیزل فی لیٹر 186 روپے 31 پیسے تک پہنچ جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ روپے کی بے قدری بھی پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافے کاباعث ہے، پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی سونا 600 روپے مہنگا ہوا ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں ایک تولہ سونا ایک لاکھ 35 ہزار 900 روپے کا ہوگیا ہے۔
