ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اے پی این ایس سندھ کمیٹی کی جسارت کے اشتہارات کی بندش پر سخت تشویش

کراچی: جاوید مہر شمسی اے پی این ایس سندھ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں، سی او او روزنامہ جسارت سید اکبر طاہر بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی سندھ کمیٹی نے سند ھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ اشتہارات کے ضمن میں ادائیگیوں میں بلاجواز تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اخبارات اور اشتہاری ایجنسیوں کو ادائیگیوں کے بارے میں سندھ انفارمیشن میں میرٹ پر مبنی نظام پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا بلکہ من پسند اخبارات اور اشتہاری ایجنسیوں کو ادائیگیاں کی جاتی ہیں جس کے باعث بیشتر اخبارات شدید مالی مسائل سے دوچار ہیں۔

اے پی این ایس کی سندھ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین جاوید مہر شمسی کی صدارت میں جمعہ 20 مئی کو اے پی این ایس ہائوس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اراکین نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ سندھ حکومت واجبات کی ادائیگی اور اشتہارات کے اجراء میں پرنٹ میڈیا کو نظر انداز کررہی ہے اور ادائیگیوں کی بڑی تعداد الیکٹرونک میڈیا کو جاری کی جارہی ہے۔

اخبارات میں صوبائی اشتہارات کے حجم میں معتدبہ کمی واقع ہورہی ہے ۔سندھ کمیٹی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض اخبارات بشمول روزنامہ جسارت اور روزنامہ دیانت کو اشتہارات کا اجراء یکسر روک دیا گیا ہے۔ اراکین نے مطالبہ کیا کہ سندھ انفارمیشن روزانہ کی بنیاد پر جاری کردہ اشتہارات کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے تاکہ اشتہارات کے اجراء میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

اجلاس نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ صوبائی پبلسٹی بجٹ میں سے پرنٹ میڈیا کے لیے 40فیصد مختص بجٹ پر مکمل عملدرآمد کیا جائے تاکہ صوبے کے اخبارات کی ترقی و ترویج ممکن ہوسکے اور وہ مالی بحران سے نبردآزما ہوسکیں کیونکہ موجودہ صورتحال میں بیشتر اخبارات کے بند ہونے کا اندیشہ ہے جس سے اخباری صنعت میں کام کرنے والے صحافی اور اخباری کارکنوں کی بڑی تعداد کو بے روزگاری اور تالا بندی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

اجلاس نے فیصلہ کیا کہ سندھ کمیٹی کا ایک وفد صوبائی وزیر اطلاعات سے ملاقات کرے گا تاکہ انہیں صوبے کی اخباری صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جاسکے۔

اجلاس میں جاوید مہر شمسی چیئرمین سندھ کمیٹی، سرمد علی صدر اے پی این ایس، یونس مہر نائب چیئرمین(روزنامہ ہلچل)،نجم الدین شیخ (روزمامہ دیانت)، قاضی مصطفی عباسی (روزنامہ عبرت)، علی بن یونس (روزنامہ بیوپار) ، زاہدہ عباسی (روزنامہ نوسج)، سلیم (روزنامہ سندھ سجاگ)، منگل داس اروانی (روزنامہ ہلال پاکستان)، قاضی سجاد اکبر(روزنامہ ریجنل ٹائمز)، ممتاز علی پھلپوٹو(روزنامہ عوامی پرچار)، سید اکبر طاہر (روزنامہ جسارت)،نصراللہ جمالی (روزنامہ سندھ) مختار احمد عاقل (روزنامہ فرض)، اقبال حسین تونیو (روزنامہ جنگ)، حسینہ جتوئی (روزنامہ مومل)، فیصل شاہ جہاں (روزنامہ جدت)، محمد عرفان (روزنامہ امت) اور ایم مراد (روزنامہ گراف)نے شرکت فرمائی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں