لاہور میں پولیس نے چھاپہ مار کر پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس دیواریں پھلانگ کر رائے ممتاز کے گھر کے اندر داخل ہوئی جبکہ سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکریٹری کوارڈینیشن عنایت اللہ لک کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔
پولیس دونوں اسمبلی آفیسرز کو گھر سے گرفتار کرنے میں ناکام رہی کیونکہ دونوں آفیسرز گھر پر موجود نہیں تھے، اسمبلی آفیسرز کے گھر پر چھائے کے دوران پولیس نے توڑ پھوڑ بھی کی۔
پولیس کی جانب سے اہل خانہ کو ہراساں کیا گیا جبکہ پولیس ایکشن کی ویڈیوز بھی سامنے آگئی ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے رائے ممتاز کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے سینیئر آفیسرز کی گرفتاری اور چھاپے حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔
انہوں ںے کہا کہ غیر آئینی اور جعلی حکومت آئین اور قانون کے خلاف اقدامات کر رہی ہے، شریفوں کا چہرہ قوم کے سامنے آرہا ہے۔