English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں تجاوزات اور غیر قانونی عمارتوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کراچی شہر میں پانی کی چوری، غیر قانونی عمارتوں اور سرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی صدارت میں اہم اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں تجاوزات، پانی کی چوری، غیر قانونی عمارتیں اور منشیات پر بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کے شہر میں ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زمینوں پر مختلف علاقوں میں غیر قانونی قبضے کیے گئے ہیں اور مختلف وقتوں میں ان تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی کیے گئے ہیں مگر یہ تجاوزات دوبارہ ہوجاتی ہیں۔ اجلاس میں شہر میں سرکاری زمینوں پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف سخت آپریشن کا فیصلہ کیا گیا اور ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ایل ڈی اے کی زمین پر تجاوزات کی رپورٹ جمعہ تک طلب کی گئیں۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ رپورٹ کے بعد شہر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کے جامع پلان بنا کر ایم ڈی اے، کے ڈی اے اور دیگر سرکاری زمینوں پر قبضے ختم کرائے جائیں گے اور ان جگہوںکی جیو ٹیگنگ بھی کی جائے گی۔ اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کے شہر میں اس وقت 6000 غیر قانونی عمارتیں ہیں۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تمام غیر قانونی عمارتوں کی رپورٹ طلب کر لی۔ اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے منظور شدہ عمارتوں پر کیو آر کوڈ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ عوام کی سہولیات کے لئے کیو آر کوڈ ہر تعمیر ہونے والے بلڈنگ کے سامنے آویزاں کیا جائے گا اور لوگ اپنے اسمارٹ فون کے زریعے عمارت کی قانونی حیثیت معلوم کر سکیں گے۔ اجلاس میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کے غیر قانونی عمارت تعمیر کرنے والے مافیا کے خلاف قانونی کاروائی کر کے سزائیں بھی دلوائی جائیں گی، انہوںنے مزید کہ قانون میں اس جرم کی سزا اور جرمانہ کم ہے جس پر بھی نظرثا نی کی جائے گی۔ اجلاس میں پانی چوری کے حوالے سے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کے کراچی میں واٹر بورڈ کے سسٹم سے پانی سب سے زیادہ چوری ضلع ویسٹ میں ہو رہا ہے جس پر چیف سیکریٹری سندھ نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے بھی جمع تک ان تمام افراد اور علاقوں کی رپورٹ طلب کر تے ہوئے کہا کہ پولیس رینجرز اور ضلعی انتظامیہ تجاوزات اور پانی چوری کے خلاف ایکشن میں حصہ لیں گے انہوںنے مزید کہا کہ اینٹی انکروچمنٹ فورس کو بھی مزید عملہ اور اختیارات دیے جائیں گے، انہوںنے ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کو اس حوالے سے جامع سمری بنانے بنانے کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ کے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں قائم کمیٹیوں کو بھی فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے