کراچی: پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پرکارروائی کرکے پی ٹی آئی کے170 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نمائش چورنگی پر کارکنوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کوکراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے دھرنے اور احتجاج کی کوششیں جاری ہیں، جسے روکنے کے لیئے پولیس مصروف عمل ہے۔
پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر شہر کے مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی رہنماں اور کارکنان سمیت مجموعی طور پر 170 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔زیادہ تر گرفتاریاں سائوتھ زون سے کی گئی ہیں، جن کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیئے گئے ہیں۔ پولیس حکام نے کہاکہ صوبے بھر میں دفعہ 144 کی خلاف وزری پر سختی سے کارروائی کی جائے گی۔دریں اثناء سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نمائش چورنگی پر کارکنوں کی گرفتاری کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔
عمران اسماعیل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی پرچم اٹھائے ایک معذور بزرگ خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن پرامن احتجاج کیلئے جمع ہو رہے ہیں، امپورٹڈ حکومت اور ان کے حواری بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ واضح رہے کہ نمائش چورنگی پر ممکنہ دھرنے کے باعث ایم اے جناح روڈ اور نمائش چورنگی کے اطراف کی سڑکیں رکاوٹیں لگا کر بند کردی گئیں۔
