کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لیگ کرکٹ ٹیسٹ کرکٹ کو متاثر نہیں کررہی۔ انٹرویو میں بابر اعظم نے کہا کہ اس وقت فرنچائز کرکٹ بہت زیادہ ہو رہی ہے،ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقبول بھی ہے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ ٹیسٹ کرکٹ متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی برقرار ہے کیونکہ ٹیسٹ میچز میں بھی سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے ہو رہے ہیں لیکن جہاں میں یہ سمجھتا ہوں کہ ٹیسٹ کرکٹ لیگ کرکٹ سے متاثر نہیں ہوئی وہاں میں اس بات پر زور دوں گا کہ سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے کی ضرورت ہے کیوں کہ ابھی ٹیسٹ میچز کم ہو رہے ہیں، دو تین ٹیسٹ میچز کے بجائے سیریز میں ٹیسٹ میچز کی تعداد 4یا 5 ہونی چاہیے ، اس سے ٹیسٹ میچز کی مقبولیت برقراررہے گی۔دوران گفتگو قومی کپتان نے امید ظاہر کی کہ اس حوالے سے فیصلہ سازی کرنے والے حکام ضرور دھیان دینگے۔
