روم (جسارت نیوز)جمہوریہ چیک کے سائیکل سوار جان ہرٹ نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا 16واں مرحلہ جیت لیا۔ اٹلی میں گیرو ڈی اٹالیہ کا 105 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں دنیا کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے 16ویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے سالو سے اپریکا تک کا فیصلہ طے کرنا تھا جو پہاڑی پر 202کلو میٹرپر محیط تھا۔31سالہ جمہوریہ چیک کے سائیکل سوار جان ہرٹ نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 202کلومیٹر کا فاصلہ 5گھنٹے 40منٹ اور 45سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ہالینڈ کے سائیکلسٹ تھامین آرینس مین نے دوسری جبکہ آسٹریلوی سائیکل سوار جئے ہنڈلے نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ایکواڈور کے سائیکلسٹ رچرڈ کاراپاز نے ریس کے 14ویں مرحلے سے ہسپانوی سائیکل سوار جوان پیڈرو لوپیز سے گلابی جرسی چھین لی تھی جو تاحال برقرار ہے۔گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو3 ہفتوں میں مکمل ہوگی۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3.445.6کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 24روز جاری رہنے کے بعد 29مئی کو اختتام پذیر ہوگی۔
