میرپور: سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف نے کہا کہ حریت لیڈر یاسین ملک کو عمر قید کی سزا کو کشمیری مسترد کرتے ہیں۔ بھارت اپنے کالے قوانین سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔ہر کشمیری آزادی کے لیے اپنی جان قربان کرنے کے لیے تیار ہے۔
بھارت کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو فوری رہا کرئے ورنہ بھارت اپنی تباہی کا خود ذمہ دار ہو گا۔ کشمیری رہنماوں پر جھوٹے الزمات کی بنیاد پر بھارتی عدالتی فیصلے کو کشمیری مسترد کرتے ہیں ۔ یاسین ملک کشمیریوں کے ہیرو ہیں ۔ تحریک آزادی کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والے کشمیری جرات مند لیڈر یاسین ملک کے ساتھ پوری کشمیری قوم سیسہ پلائی ہو ئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
عالمی برادری یاسین ملک کی فوری رہائی کے لیے عملی اقدامات اُٹھائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹریٹ نانگی ہاوس میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ بھارتی عدالت یاسین ملک کو سزا سنا رہی تھی اور عمران خان ملک میں آزادی مارچ کے نام پر احتجاج کر کے قوم کو گمراہ کرنے کے ساتھ ساتھ یاسین ملک کو دی جانے والی سزا سے توجہ ہٹانے کی سازش کر رہے تھے۔
کشمیری قوم عمران خان کو کبھی بھی معاف نہیں کرئے گی۔ بھارت کشمیریوں پر ظلم و جبر اور کشمیری حریت رہنماوں پر من گھرت اور جھوٹے کیسز سے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا اور نہ کشمیریوں کی آزادی تحریک کو روک سکتا ہے
