واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکہ کے وزیر خارجہ اتھونی بلنکن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب سے فلسطین نژاد امریکی صحافی شیرین ابو عاقلہ کی اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاکت سے متعلق بات چیت کی ہے۔دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے ، جب مقبوضہ بیت المقدس میں انتہا پسند یہودی آبادکاروں کے فلیگ مارچ کی وجہ سے صورت حال کشیدہ ہے۔امریکی سفارت کار نے اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپید کو بتایا کہ ان کا ملک چاہتا ہے کہ شیرین ابو عاقلہ کے قتل سے متعلق تحقیقات اسرائیل جلد مکمل کرے۔ یاد رہے کہ الجزیرہ کی عربی سروس کی تجربہ کارفلسطینی نامہ نگارابوعاقلہ کو11 مئی کو مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے جنین میں اسرائیلی فوجیوں نے چھاپا مار کارروائی کے دوران میں سر میں گولی ماردی تھی۔وہ اس وقت اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کے خلاف کارروائی کی کوریج کررہی تھیں۔ انہیں فوجیوں نے ہیلمٹ اور پریس والی جیکٹ پہننے کے باوجود گولی ماری۔
