راولپنڈی :پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر)نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں امن مشن کیلئے فوج دینے والا دوسرابڑا ملک ہے۔
آئی ایس پی آرنے دنیا بھر میں یوم امن کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ آج دنیا بھر میں یوم امن منا رہی ہے، پاکستان دنیا میں امن مشن کیلئے فوج دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔
آئی ایس پی آر نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ امن مشن کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز 1960میں دستہ کانگر بھیج کرکیا، پچھلے 61سال میں پاکستان قیام امن کے لیے سب سے نمایاں اور مسلسل تعاون کرنے والا ملک رہا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے 46امن مشنوں میں حصہ لیا، اور دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے مشنز میں دولاکھ سے زائد فوجی بھیجے، جبکہ 169پاکستانی فوجی جوان انسانیت کی مدد میں جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے پاکستان کا دورہ کر کے امن کی کوششوں کو سراہا، پاکستان کے امن دستوں کی پیشہ وارانہ صلاحیت نے ہر امن مشن میں کمانڈر کو بھی اپنا گرویدہ بنا دیا، پاکستانی امن دستوں میں ایف سی، رینجرز اور پولیس کے دستے بھی شامل ہیں۔
