لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹانے کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ نہیں رہے، غیر قانونی طور پر
وزیراعلیٰ کا منصب استعمال کررہے ہیں لہٰذا انہیں منصب سے ہٹایا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ آپ کی درخواست کو مرکزی کیس کے ساتھ سنیں گے۔ علاوہ ازیں حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے خلاف درخواستوں کا جواب لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادیا، جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ کے الیکشن کیخلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کا الیکشن ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں بالکل آئین و قانون کے مطابق ہوا جو عدالت عظمیٰ کی 63 اے کی تشریح سے قبل ہوا، قانون کے مطابق عدالت عظمیٰ کی تشریح کا وزیراعلیٰ کے الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا اطلاق ماضی سے نہیں ہوگا۔ حمزہ شہباز قانون کے مطابق ذمے داریاں نبھا رہے ہیں، الیکشن کے خلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے۔