کراچی: رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کراچی میں انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی وی میزبان اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کرگئے، وہ اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔
اطلاعات کے مطابق عامر لیاقت حسین کے کمرے کا دروازہ بند تھا جسے گھر کے ملازمین کافی دیر سے کھٹکھٹا رہے تھے، بعدازاں دروازہ زبردستی کھولا گیا تو عامر لیاقت تشویشناک حالت میں پائے گئے، عامر لیاقت حسین کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد عامر لیاقت کے انتقال کی تصدیق کی۔
ملازم نے بتایا کہ عامر لیاقت کی گزشتہ رات طبیعت خراب ہوئی تھی، ان کےدل میں تکلیف ہورہی تھی، انہیں اسپتال جانے کا کہا گیا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق عامر لیاقت حسین کو ان کے گھر خداداد کالونی سے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔
پولیس کا موقف ہے کہ موت کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، فی الحال ان کا گھر سیل کرکے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔