وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ترکی ہمارا بہترین دوست اور برادر اسلامی ملک ہے ،ترکی نے پاکستان کی مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراغ دلانہ مدد کی ہے،ترکی اور پاکستان کے درمیان بہترین معاشی، ثفافتی اور کاروباری تعلقات ہیں۔
وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ اورترکی کے وزیر برائے داخلہ امورسلیمان سوئیلوکے درمیان کانفرنس کال ہوئی جس میں پاکستان اورترکی کے درمیان تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امورپر بات چیت ،پاکستان سے ترکی کیلئے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ روکنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔
دونوں وزراء میں اتفاق ہوا کہ غیرقانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کو روکنا ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔ غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ روکنے اوراس میں ملوث عناصر کیخلاف کاروائی پربھی اتفاق کیا گیا انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے ایف آئی اے اور ترک امیگریشن ادارے کے درمیان ہاٹ لائن قائم کرنے کی تجویز پربھی گفتگو ہوئی ،ترکی وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے رانا ثنا اللہ کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
راناثنا اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور انکے وفدکے رواں مہینے دورہ ترکی کے دوررس نتائج نکلیں گے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے ترکی کے دوٹوک موقف کا معترف ہے۔
ترک وزیر داخلہ سلیمان نے کہا صدر طیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کی حالیہ دورہ ترکی کے دوران انتہائی مفید ملاقات ہوئی،وزیراعظم پاکستان کے دورہ ترکی سے باہمی تعلقات میں مزیدوسعت اورمضبوطی آئے گی،پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات باہمی محبت، بھائی چارے اوراعتماد پر قائم ہیں۔